کوللم، 15جون؍(آئی این ایس انڈیا) کیرالا کے کوللم کے کلکٹریٹ ضلع عدالت میں رکھے گئے مشتبہ ’’مقامی ا سٹیل بم‘‘میں دھماکے ہونے سے61سال کا ایک شخص زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق قریب کے کندرا علاقے کا رہائشی سابو ریاستی لیبر ڈپارٹمنٹ کی ایک جیپ کے قریب کھڑا تھا اسی وقت دھماکہ ہوا۔وہ ایک کیس کے سلسلے میں عدالت میں آیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکہ اسٹیل بم (اسٹیل پائپ میں پیک دھماکہ خیز مواد)سے ہواجسے وہاں کھڑے گاڑی کے نیچے رکھا گیا تھا۔دھماکے میں گاڑی کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔سابو کی آنکھ اور ناک پرچوٹ آئی ہے۔اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے،اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ بم جیپ کے نیچے جان بوجھ کر رکھا گیا تھا تاکہ اس سے خوف پیداکیا جا سکے۔بم ڈسپوزل اورفارنسک افسران موقع پرپہنچ گئے۔پولیس کے مطابق موقع سے جلیٹن کی چھڑیں اور17بیٹریاں برآمد کی گئیں۔